ڈاکٹرعبدالقدیر کا تحریک انصاف کی سرپرستی کرنے کا اعلان

اخلاقی مدد کروں گا،تحریک انصاف میں کوئی عہدہ قبول نہیں کرونگا،ڈاکٹر قدیر

اسلام آباد( آن لائن ) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے تحریک انصاف کی سرپرستی کرنے کا اعلان کردیا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی اخلاقی مدد کروں گا ، تحریک انصاف میں کوئی عہدہ قبول نہیں کروں گا ، عمران خان ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مضبوط اور جامع منصوبہ سامنے لے کر آئیں ، تین وکٹیں گرادونگا اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ باقی جماعتوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہے تحریک انصاف امید کی ایک کرن ہے جس کی خدمات کی ضرورت پڑے تو میں تیار ہوں ۔ اس سے قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے اپنی جماعت کا سرپرست بننے کی درخواست کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان نے یہ درخواست ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے ملاقات میں کی۔ ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں دہشت گردی، امن و امان، مہنگائی، بیروزگاری اور ملک کو عالمی سطح پر درپیش چیلنجزپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ قومی مسائل حل کرنے کے لئے ڈاکٹر عبدالقدیر جیسے لوگوں کو تحریک انصاف کا حصہ بننا چاہئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ سیاستدان ذاتیات کے بجائے ایشوز کی بات کریں، مسائل حل کرنے کے لئے کرپشن کی سیاست سے چھٹکاراپانا ہوگا