جس نبیﷺ نے سب کو گلے لگایا اُسی کے اُمتی گلے کاٹ رہے ہیں،عامر لیاقت
لاس اینجلس(نمائندہ جنگ) معروف ریسرچ اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ تمام انبیاء نے اپنی امتوں کے معاملے میں پروردگار سے یہی کہا کہ اے ہمارے رب جو اچھے ہیں اُنہیں بخش دے اور جو بُرے ہیں اُنہیں عذاب دے لیکن میرے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو اِتنے کریم ہیں کہ اُنہوں نے اپنے رب سے التجا کی کہ میری امت کے اچھے بھی میرے اور بُرے بھی میرے، جو اچھے ہیں اُن کے اعمال پر خوش ہوتا ہوں اور جو بُرے ہیں اُن کے لیے مغفرت کی دعا کرتا ہوں۔لاس اینجلس میں ٹارنس کے علاقے میں واقع مومن لاج میں میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہاکہ افسوس ہے کہ جس نبیﷺ نے سب کو گلے سے لگایا آج اُسی نبیﷺ کے اُمتی ایک دوسرے کے گلے کاٹ رہے ہیں،بس ایک لمحے کے لیے سوچیے کہ ہم شفاعت کے بھکاری روزِحشر شافع محشر کے سامنے کس منہ سے جائیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ مسلک طریقے کا نام ہے اور یہ طریقہ درحقیقت اللہ تک پہنچنے کا راستہ ہے لہٰذاجب تمام طریقوں کی تکمیل اور حاصل ایک ہی ہے تو پھر کسی کے بھی مسلک کو برا نہیں کہنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ فرقے ختم نہیں ہوسکتے اِس لیے بہتر ہے کہ فرقوں میں فرق کرنے کے بجائے ہم اپنی زندگیوں میں فرق پیدا کریں اور یہ تحریک چلانا چھوڑدیں کہ جو راستہ ہمیں اچھا لگ رہاہے سب وہی راستہ اختیار کرلیں،یہ سوچ درحقیقت خود ایک فرقہ ہے جس سے اجتناب ضروری ہے ۔اُنہوں نے کہا اسلام ایک ہی ہے جو محمد مصطفیﷺ کا اسلام ہے اُس کے علاوہ وہ تمام اصطلاحات جیسے کہ طالبان کا اسلام،لبرلز کا اسلام،صوفی اسلام،معتدل اسلام وغیرہ نفس کے حربے ہیں جن کی مدد سے طاقت ور اپنے مفادات اور نظریات کا تحفظ کرتے ہیں اور اُسے دین کا نام دے دیتے ہیں۔عامر لیاقت نے کہا کہ قرآن کا نچوڑ اِس ایک آیت میں پوشیدہ ہے کہ جو رسول دیں،اُسے لے لو اور جس سے روکیں اُس سے رک جاؤپھر ہم رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیے ہوئے پر راضی کیوں نہیں ہیں؟اُنہوں نے کہا گمراہی کے خالی دامن پھیلائے ہم بے بسوں کی جھولیاں مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی نے بھری ہیں،اُن ہی نے ہمیں اللہ کی پہچان کرائی،ہمیں ہمارے رب سے ملایااور اُس پروردگار کی بارگاہ میں عبادت کرنا سکھایاجو ازل سے ہے اور بس وہی رہے گا۔اِس موقع پر اُنہوں نے لوگوں کی فرمائش پر نعتوں کا نذرانہ بھی پیش کیا اور آخر میں دعا بھی کرائی۔مومن لاج میں منعقد ہونے والی یہ محفل لاس اینجلس کی سب سے بڑی محفلِ میلاد تھی جس میں یہاں مقیم پاکستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔مومن لاج کے امام ہاشمی نے نظامت کے فرائض انجام دیے جبکہ طارق فتانی نے تلاوت کلام پاک سے قلوب کو منور کیا۔عامر لیاقت حسین آج لاس اینجلس ہی میں ایک اور اجتماع سے خطاب کریں گے۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat



mus