دین میں اپنے مطلب کی گنجائش نکالنے سے احتراز برتنا چاہئے، عامر لیاقت


لاس اینجلس(نمائندہ جنگ )معروف ریسرچ اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ عشق رسول کا دعویٰ نفس کی قربانی مانگتا ہے، یہاں اپنے فہم اور اپنی رائے پر اصرار نہیں کیا جاتا بلکہ خاتم الانبیاءکے حکم کی بجا آوری کو ایمان سمجھتے ہوئے اپنا سب کچھ یہاں تک کہ اپنی جان بھی ان پر نثار کرنے کی تڑپ عاشق کا اعلان عشق بن جاتا ہے، لاس اینجلس کے علاقوں لیک وڈ، گرووینیو اورایناہائم میں لیکچرز دیتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہاکہ اگر نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے تو پھر ان ہی کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا پڑے گا، وہی رہنما ہیں، وہی رہبر ہیں اور وہی قائد ہیں اور نفس کا سمجھایاہوا ہرراستہ گمراہی اور تباہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مسلمانوں کے زوال کا بنیادی سبب ہی دراصل یہی ہے کہ ہم رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکم پر اپنی تاویل اور گنجائش کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دین میں اپنے مطلب کی گنجائشیں نکالنے والوں کو سوچنا چاہئے کہ اگر روز حشر گنجائشیں پیدا کرنے والے گنجائش نہ دی تو ہمارا کیا ہوگا۔ عامر لیاقت حسین نے کہاکہ اسلام تلوار سے نہیں نبی معظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق سے پھیلا ہے، وہ سوالات کرنے والوں سے الجھے نہیں بلکہ پیار سے انہیں اللہ کی جانب بلایا، وہ جانتے تھے کہ یہ روٹھے ہوئے بندے ہیں اور روٹھے ہوﺅں کو ہمیشہ پیار سے سیدھے راستے پر لایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا آج صرف دین ہی نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں ہم نے جبر اورزبردستی کو پروان چڑھا کے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معاذ اللہ اذیت پہنچائی ہے انہوں نے توبہ کے مواقع فراہم کئے اورہم بندوں کو ذلیل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، انہوں نے اپنے رب کے حکم سے اس کے بندوں کے عیب چھپائے اور سب کےلئے دعائے مغفرت فرمائی اورہم اپنے ہی بھائیوں کے نہ صرف عیب ظاہر کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کو بدعائیں بھی دیتے ہیں، عامر لیاقت حسین نے کہا جب تک امتی کی اخلاقی سطح متوازن نہیں ہوگی تب تک وہ اسلام کی حقیقی روح اور نبی الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روشن پیغام کو سمجھنے سے قاصر رہے گا، بعدازاں انہوں نے حاضرین کی فرمائش پر نعتیں سنائیں، جنہیں سن کر ہرآنکھ اشکبار ہوگئی۔ محافل کا اختتام عامر لیاقت حسین کے مخصوص انداز میں دعاﺅں پرہوا۔ آج عامر لیاقت حسین نیو یارک روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ نیویارک کے مختلف مقامات پر اورنیو جرسی میں لیکچرز دیں گے۔
- See more at: http://www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat











لاس اینجلس، امریکا: معروف ریسرچ اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین لیکچرز دے رہے ہیں، روزنامہ جنگ
for more news details please visit: www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat
l