رسول اللہ نے فرمادیا تھاکہ امت خوں ریزی میں مبتلا ہوگی،عامرلیاقت کا وڈ لینڈ میں خطاب
وُڈلینڈ(نمائندہ جنگ) ممتاز ریسرچ اسکالر اور سابق وزیر مملکت برائے مذہبی اُمور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ ختمی مرتبت سید الانبیاحضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس کاکوئی نہیں ہوگا اُس کا میں ہوں گا،کیونکہ میری امت کو میری جدائی سے بڑھ کر کسی کی جدائی کی تکلیف نہیں پہنچی۔وُڈلینڈ کی مسجد اور اسلامک سینٹر میں ایک بڑی محفل میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مقرر نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات بھی ہمارے لیے خیر ہے اور وصال بھی ہمارے لیے خیر ہے کیونکہ جب آپ ظاہری طور پر اِس عالَم میں موجود تھے تو آپ نے فرمایاکہ میری حیات تمہاری خاطر اِس لیے خیر ہے کہ مجھ پر آسمان سے وحی اُترتی ہے اور میں تم کو حلال اور حرام کی خبر دیتا ہوں اور میرا وصال اِس لیے تمہارے لیے خیر ہے کیونکہ ہر جمعرات کو تمہارے اعمال مجھ پر پیش کیے جاتے ہیں،اچھے اعمال پر میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اور گناہوں پر میں مغفرت کی شفاعت کرتا ہوں۔اُنہوں نے کہاکہ آج جو ہماری حالت ہے اِس کے بارے میں اللہ کے رسول نے تو بہت پہلے ہی ارشاد فرمادیا تھا،آپ نے کہہ دیا تھا کہ میرے بعد میری اُمت جن گناہوں میں مبتلا ہوگی اور جو آپس میں خوں ریزیاں کرے گی وہ سب مجھے خواب میں دکھادیے گئے اور یہ سب قضائے الٰہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہمارے لیے قرآن ہی کافی ہے لیکن سچا مسلمان ہمیشہ یہی کہتا ہے کہ میرے لیے قرآن اور صاحبِ قرآن کی سنّت کافی ہے کیونکہ جس زبان نے ہمیں قرآن کی تلاوت کر کے یہ بتایا کہ یہ قرآن ہے ،اُسی زبان نے یہ بھی بتلایاکہ اگر وہ چاہیں تو کسی کے لیے کسی حکم کو خاص کردیں۔اُنہوں نے کہا کہ قرآن حکیم نے عام حکم دیا ہے کہ ہر نزاعی معاملے میں دو مَردوں یا ایک مرد اور دو عورتو ں کی گواہی معتبر ہوگی لیکن حضور نے حضرت خزیمہ بن ثابت انصاری کو اِس حکم سے مستثنیٰ کردیااور فرمایا کہ خزیمہ کی اکیلی گواہی دو کے برابر ہے ، اِسی طرح قرآن پاک نے حکم دیا ہے کہ ہر نماز اپنے وقت پر ادا کی جائے لیکن حضور پرنور نے اِس حکم عام سے عرفات کی عصر اور مزدلفہ کی مغرب کو خاص کرلیاکیونکہ عرفات میں عصر،ظہر کے وقت میں اور مزدلفہ میں مغرب عشا کے وقت میں پڑھی جاتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ پاک کے نزدیک رسول پاک کی قدر و منزلت کااندازہ لگانے کے لیے صرف یہی ایک بات کافی ہے کہ خالق کائنات نے کسی دعا اور سوال کے بغیر آپ کی خواہش کے مطابق کعبة اللہ کو آپ کا قبلہ بنادیا۔عامر لیاقت حسین نے حاضرین بالخصوص بڑی تعداد میں موجود خواتین کی فرمائش پوری کرتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں نعتیں پیش کیں جس سے ایک سماں بندھ گیا جبکہ آخر میں اُنہوں نے پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔عامر لیاقت حسین آج لاس اینجلس کی گارڈن گروو مسجد میں درسِ قرآن کے سب سے بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے جس میں سیکڑوں افراد کی شرکت متوقع ہے ۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat