اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نادرا نے سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ سوفٹ ویئر تیار کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے بتایا کہ نادرا نے الیکٹرانک ووٹنگ سوفٹ ویئر تیار کیا ہے اور کل سپریم کورٹ کو اس بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آن لائن ووٹ سے پہلے ووٹر کو متعلقہ سفارتخانہ میں رجسٹر ہونا پڑے گا۔ جس کے بعد وہ فنگر پرنٹس کے ذریعے ووٹ کا حق استعمال کر سکے گا۔ الیکٹرانک ووٹ کے لئے پہلے پاکستان کو ان ممالک سے اجازت حاصل کرنا ہو گی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 15لاکھ پاکستانی ہیں مگر ان ممالک میں ووٹ ڈالنے پر پابندی ہے۔