جیو کے عالم اور عالم میں خوابوں کی تعبیر، ناظرین کی بھرپور پذیرائی، کالز کاتانتا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)علم تعبیر ایک قدیم اور معروف علم ہے جس کاثبوت قرآن وحدیث سے بھی ملتا ہے، خواب میں ہونے والے مشاہدات کے حوالے سے رہنمائی کے خواہش مندناظرین کے بے پناہ اصرار پر جیو کے شہرہٴ آفاق پروگرام عالم اور عالم نے گزشتہ روز ایک اور سنگ میل عبور کیا ،ممتاز عالم دین اورمعبر مفتی عابد مبارک نے ناظرین کے مختلف خوابوں کی تعبیر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ خواب میں سیدنا علی  کی زیارت علم و عدل سے وابستگی کی علامت، روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دیکھنا حرمین شریفین میں باریابی کی سعادت، گریہ و زاری اللہ کے فضل و رحمت کی نشانی، درخت دیکھنا پابندی عبادت کا حکم اور خواب میں گلاب کا سونگھنا خوش عقیدگی و خوش اخلاقی کی دلیل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اچھے خواب نیک بختی اور برے خواب اثراتِ بد کی نشاندہی کرتے ہیں ۔خوابوں کی تعبیر کے سلسلے میں براہ راست نشر ہونے والے پہلے ہی پروگرام کو ناظرین نے مقبولیت کی سند عطاکرتے ہوئے اپنی بھرپوردلچسپی اور پسندیدگی کااظہار کیااور پروگرام کے دوران اسٹوڈیو میں مسلسل ٹیلی فون کالز کا تانتا بندھا رہا ۔پروگرام کے آغاز میں متعلقہ ریاستی اداروں کی جانب سے بے رحمانہ اسکروٹنی کو تحسین آمیزاقدام قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے امید ظاہر کی کہ اگر صفائی کا عمل یونہی جاری رہا تو ملک کے بیشتر مسائل حل ہوجائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں کی اسلامی عقائد سے عدم واقفیت شرمناک فعل ہے اورقوم کی نمائندگی کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسلام اورنظریہ پاکستان سے وابستگی کا مظاہرہ کریں۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat