نظر بد تقدیر کے پرچے کو چاک کردیتی ہے، مولانا بشیر فاروق قادری
اک عالم خواب کا، تعبیر عالم سےاورمسائل آپ کے ،حل وظائف سے کی غیرمعمولی پذیرائی


کراچی(اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر میں مقیم کروڑوں ناظرین کی جانب سے جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام عالم اور عالم کے خوبصورت سلسلوںاک عالم خواب کا، تعبیر عالم سےاورمسائل آپ کے ،حل وظائف سے کی غیرمعمولی پذیرائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور پروگرام کے دوران ناظرین کی جانب سے ٹیلی فون کالز کالامتناہی سلسلہ اس کی غیر معمولی مقبولیت کاآئینہ دار ہے ۔اس سلسلے میں گزشتہ روزبراہ راست نشر ہونے والے پروگرام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی ممتاز روحانی شخصیت اور سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سر براہ مولانا بشیر احمد فاروق قادری نے کہا کہ کسی شخص یا شے پر نظر بدکا لگنااوراثر انداز ہونا حقیقت ہے اور احادیث نبوی اور علمائے کرام کے اقوال سے ثابت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظر بد تقدیر کے پرچے کو چاک کر دیتی ہے، فربہ ا نسان یا جانور کو لاغر اور ہلاکت میں مبتلا کردیتی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا یہی وجہ ہے کہ ہمارا مذہب نمودونمائش کے اظہار کی مذمت فرماتا ہے تاکہ نظر بد سے بچا جاسکے۔نظر بد کا توڑ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سورہٴ قلم کی آخری دو آیات تین مرتبہ تلاوت کرنے کے بعد نظر بد سے متاثر ہ شخص یا شے پر دم کرکے پھونکنے سے اس کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔مختلف مسائل کے حل کے لیے ناظرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ غیر مرئی مخلوق کے برے اثرات سے بچنے کے لیے تین مرتبہ سورہٴ اخلاص، سورہٴ فلق اور سورة الناس پڑھ کر سوئیں تو وہ خواب میں نہیں ڈرائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بگڑے ہوئے بچے کو سدھارنے کے لیے دن میں ایک مرتبہ نماز کے بعد یامقیت پڑھ کر بچے پر دم کرنا اور میاں بیوی میں نااتفاقی کے خاتمے کے لیے بسم اللہ کا ورد بہترین نسخہ ہے۔علاوہ ازیں پروگرام کے پہلے نصف میں خوابوں کی تعبیر کے خوبصورت سلسلے کی ابتدا کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کتب تعبیر کی روشنی میں خواب میں تلاوت قرآن کی مختلف تعبیریں بیان کرتے ہوئے کہا کہ خواب میں مختلف حالات کے ساتھ اِس مقدس کتاب کا مشاہدہ مختلف قسم کی کیفیتوں کا حامل ہوتا ہے۔بعدازاں تنظیم المساجد پاکستان کے سربراہ اورعلم تعبیرکے ماہرمفتی عابدمبارک مدنی نے ناظرین کے مختلف خوابوں کی تعبیر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ خواب میں اکابرین اور برگزیدہ ہستیوں کو دیکھنا قرض سے نجات اور تکالیف سے نجات کی علامت ہے جبکہ خواب میں سیدنا علی کی زیارت بزرگی اور عظمت و مرتبہ ملنے کی دلیل ہے۔انہوں نے کہاکہ اچھے خواب دیکھنے کے لیے باوضو ہوکر اور درود شریف پڑھ کر سونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی پر برے اثرات ہوں تو خواب بھی برے آتے ہیں اورشیطان خواب میں مختلف صورتیں بنا کر نمودار ہوتا ہے اور رشتوں میں دراڑ ڈالتا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ خواب میں سانپ کو دیکھنا دشمنی کی علامت ،اسے مارنا اس پر غالب آنے اور اس کا ڈسنا گزند پہنچنے کی نشاندہی کرتا ہے۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat