ظلم و زیادتی کرنیوالا اللہ کی گرفت سے محفوظ نہیں، عامر لیاقتکراچی(اسٹاف رپورٹر)یوم جمعہ کی روح پرور ساعتوں میں اپنے ناظرین کے لیے جیونیٹ ورک نے گزشتہ روز بھی براہ راست نشریات پیش کیں ۔ جمعہ کریم کی اس خوبصورت نشریات کے آغاز ہی سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اپنے منفرداندازاور خوبصورت گفتگو سے ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ملک کے موجودہ منظرنامے پراثرانگیز تبصرہ کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ہر شخص کو مکافات عمل سے گزرنا پڑتا ہے اورظلم وزیادتی کرنے والاکوئی بھی فرد یا ادارہ اللہ تعالیٰ کی گرفت سے محفوظ نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کائنات حدود و قیود کی پابند ہے اور اس قانون کا اطلاق ہرشے پر ہوتا ہے اور جو اِن حدود سے تجاوز کرتا ہے وہ عبرت کی مثال بن جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اقتدارِ اعلیٰ اللہ کی امانت ہے اور اِس امانت میں خیانت اللہ کی پکڑ کو دعوت دیتی ہے۔ان کا کہناتھا کہ جو لوگ اپنے عہدِ اقتدار میں عدل وانصاف کے زریں اصولوں کو پامال کرتے ہیں بے گناہوں کی بددعائیں ان کا تعاقب کرتی ہیں اور پھر بالآخر ایک دن ایسابھی آتا ہے کہ جب اُن کی تمام رعونت اور تکبر خاک میں مل جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں عدل وانصاف کا تمسخر اڑانے والا آج نشانِ عبرت بن چکا ہے۔ جمعہ کریم کی نشریات کاباقاعدہ آغازملک کے ممتازقاری حبیب الرحمن کی دلکش حسن قرأت سے ہوا جس کے دوران انہوں نے سورہٴ اعراف کی منتخب آیات تلاوت کرکے ناظرین کے دلوں کو منور کیا۔ بعدازاں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اِن آیات کا ترجمہ پیش کیا اورناظرین کو اہم تفسیری نکات سے آگاہ کیا۔ نشریات کی اہم بات سب سے بہترین خدمتکے عنوان سے پیش کیا جانے والا سلسلہ تھا جس میں محمودہ سلطانہ فاوٴنڈیشن کی جانب سے ضرورت مندخاندان کی مالی اعانت کی گئی ۔اس سلسلے میں متاثرہ خاندان کے واحد کفیل اور باعزت روزگار کے متلاشی محمد عارف کو خطیر رقم کا عطیہ دیا گیا۔روح پرورنشریات کے دوران ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیاری صاحبزادی سیدہ رقیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ایمان افروزتذکرے سے ایک بابرکت فضا قائم کردی۔نشریات کے دوران ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ملک کے معروف ثناخواں عمران شیخ عطاری اوریعقوب ابراہیم نقشبندی کے ساتھ مل کر خوبصورت انداز میں حمدونعت کا نذرانہ پیش کیا اوردرود و سلام کی اِن ہی دلکش صداوٴں میں جمعے کی اِس بابرکت نشریات کا اختتام ہوا۔جمعہ کریم کی اس عشق افروز نشریات کو ناظرین ہفتے کی صبح 7بجے اور اتوار کودوپہر12بجے نشرمکرر کے طور پر بھی ملاحظہ کرسکیں گے۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat